واشنگٹن ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عالمی بینک کے ایک انتہائی اہم عہدہ پر ایک ہندوستانی نژاد شخص کی تقرری عمل میں آئی ہے۔ عالمی بینک کے صدر جم ینگ کم نے سروج کمار جھا نامی ہندوستانی شخص کو مختلف تنازعات اور پرتشدد واقعات سے نمٹنے کی اہم ذمہ داری تفویض کی ہے تاکہ وہ اپنی حکمت عملی والی قیادت کا استعمال کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکے۔ سروج کمار جھا انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، کانپور کے طالب علم رہ چکے ہیں۔ گذشتہ ہفتہ تک وہ عالمی بینک کے سنٹرل ایشیاء کے علاقائی ڈائرکٹر تھے۔ موصوف اپنے یہ فرائض ضروری 2012ء سے انجام دے رہے تھے۔ کل انہیں ترقی دیکر عالمی بینک کے فریجیلٹی، کانفلکٹ اور وائلینس گروپ کا سینئر ڈائرکٹر مقرر کیا گیا۔