واشنگٹن ، 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت ’’طاقتور تر، فیصلہ کن، شفاف اور غیریقینی کیفیت سے پاک‘‘ رہے گی اور وہ سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرے گی، ایک سینئر پارٹی لیڈر نے یہ بات کہی۔ بی جے پی کے قومی ترجمان ترون وجئے نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہندوستانی معیشت کی تنظیم جدید، اس کی جہت ِنو اور اسے ازسرنو تقویت دینا این ڈی اے حکومت کی اولین ترجیح رہے گی۔ وجئے جنھیں ’اوورسیز فرینڈز آف بی جے پی‘ نامی تنظیم نے ٹمپا اور فلوریڈا میں بی جے پی کے یوم تاسیس ایونٹس میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا، انھوں نے یہاں سلسلہ وار میٹنگس منعقد کئے جن میں یو ایس انڈیا بزنس کونسل اور مختلف اداروں کے زیراہتمام کارپوریٹ سیکٹر کے ساتھ منعقدہ اجلاس شامل ہیں۔ بعض امریکی عہدیداروں سے ملاقات کے علاوہ وجئے نے کئی قانون سازوں بشمول ہندوستانی۔ امریکی رکن کانگریس ایمی بیرا سے بھی ملاقات کی ہے۔