سرمایہ کاری کیلئے اچھے دن آرہے ہیں

برطانیہ کے وزیر خارجہ اور وزیر فینانس کی ہندوستان آمد
ممبئی 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان میں نئی حکومت کے ساتھ باہمی تجارت اور سفارتی روابط کو ایک نئی جہت دینے کے مقصد سے برطانیہ کے دو سینئر ترین وزراء آج ہندوستان پہنچے اور انہوں نے یہ اشارہ دیا ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسری کی معیشت میں سرمایہ کاری کیلئے اچھے دن آرہے ہیں۔ وزیر خارجہ ولیم ہیک اور وزیر خزانہ جارج اوسبورن ایک بڑے تجارتی اور وزارتی وفد کے ہمراہ آج ممبئی پہنچے ۔ وہ کل دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی اور اپنے ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اوسبورن نے مودی کی کامیابی کے موقع پر ٹوئٹ ’’اچھے دن آنے والے ہیں‘‘ کا ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہند برطانیہ روابط کیلئے اچھے دن آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لئے حالات ساز گار ہوں گے اور ایک دوسرے کی معیشت میں سرمایہ کاری کیلئے اچھے دن آرہے ہیں۔ اوسبورن نے کہا کہ وہ اب تک کے سب سے بڑے تجارتی وفد کی قیادت کررہے ہیں کیونکہ برطانیہ چاہتا ہے کہ سفارتی روابط کو مزید مستحکم کیا جائے اور معاشی شعبہ بالخصوص انفراسٹرکچر اور فینانشیل سرویسس میں پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی رجحان میں ہندوستان کے تعلق سے کافی مثبت تبدیلی آئی ہے ۔ اوسبورن نے آج گورنر آر بی آئی رگھورام راجن سے مختصر ملاقات کی اور دو سرمایہ کاری معاملتوں کا اعلان کیا ۔ ان میں سپلاکی جانب سے 100 ملین پاونڈ کی سرمایہ کاری اور مہندرا کی جانب سے الیکٹرک کار وینچر میں 20 ملین پاونڈ کی سرمایہ کاری شامل ہیں۔