سنگاپور کے تاجروں سے کے چندر شیکھر راؤ کا خطاب ۔ آج وزیر اعظم سے ملاقات ‘ کل ملیشیا کو روانگی
سنگاپور 21 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج سنگاپور میں سرمایہ کاروں کوتیقن دیا کہ ان کی حکومت کا بڑا منصوبہ یہ ہے کہ نو تشکیل شدہ ریاست کو کرپشن سے پاک ماحول میں پراجیکٹس کی منظوری میں سرعت پیدا کرتے ہوئے ترقی کے عمل کو تیز کیا جائے ۔ سنگاپور کے سرمایہ کاروں کے ساتھ کاروباری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر چندر شیکھر راؤ نے تیقن دیا کہ تلنگانہ کو کرپشن سے بالکل پاک ریاست بنایا جائیگا اور یہاں تحفظ و سلامتی کے ماحول کو بہتر بنایا جائیگا ۔ چیف منسٹر نے خانگی شعبہ کی ترقی کیلئے سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع کے تعلق سے اظہار خیال کیا اور کہا کہ وہ صنعتوں کو ترقی دینے کے علاوہ خاص طور پر انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ کو تلنگانہ میں ترقی دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے فارماسیوٹیکل ‘ فوڈ پراسیسنگ اور آٹوموبائیل شعبہ کو بھی ترجیحی بنیادوں پر ترقی دینے کے عزائم کا اظہار کیا ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ان کی حکومت سرمایہ کاروں پر پوری توجہ دیگی اور ان کے ساتھ جو بیوروکریٹس کی ٹیم ہے وہ بھی راست طور پر اور فوری طور پر سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز پر فوری حرکت میں آئیگی ۔ اجلاس میں انہوں نے یہ بھی تیقن دیا کہ ریاست میں درکار برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائیگا اور آئندہ پانچ تا چھ سال میں 8,000 میگا واٹ برقی کی پیداوار میں اضافہ کیا جائیگا ۔ پرنسپل سکریٹری برائے چیف منسٹر ایس نرسنگ راؤ نے وضاحت کی کہ ریاست کو فی الحال برقی کے شعبہ میں 4,000 میگاواٹ کی قلت کا سامنا ہے تاہم تلنگانہ جینکو کے تحت اضافی پلانٹس قائم کرتے ہوئے برقی سربراہی کو بہتر بنانے کے منصوبے تیار کرلئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ این ٹی پی سی سے بھی اشتراک کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ برسوں میں برقی کی طلب میں اضافہ کے امکان کو پیش نظر رکھتے ہوئے اضافی 4,000 میگاواٹ برقی کی تیاری کا منصوبہ ہے ۔ اس دوران یہ امکان ہے کہ چیف منسٹر سنگاپور کے وزیر خارجہ اور وزیر قانون کے شانمگم اور دفتر وزیر اعظم کے وزیر کے علاوہ نائب وزیر تجارت و صنعت ایس ایشورن سے بھی ملاقات کرینگے ۔ چندر شیکھر راؤ کل آئی آئی ایم پیکٹ 2015 کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں سنگاپور کے وزیر اعظم لی ہسین لونگ سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔ اس کانفرنس میں 1000 مندوبین شرکت کرنے والے ہیں ۔ امکان ہے کہ چندر شیکھر ارؤ اس کانفرنس میں اپنی حکومت کی سرمایہ کاری پالسیی پیش کرینگے اور وینچرس جیسے خانگی ۔ عوامی شراکت داری کے ذریعہ سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کرینگے ۔ چندر شیکھر راؤ اور ان کا وفد کل سنگاپور پہونچا تھا اور اس نے سنگاپور کے تاجروں سے ملاقات کرنے کے علاوہ یہاں کئی انفرا اسٹرکچر پراجیکٹس بشمول نئے مکمل کردہ اسپورٹس ہب کا بھی معائنہ کیا تھا ۔ 23 اگسٹ کو چندر شیکھر راؤ اور ان کا وفد سنگاپور سے ملیشیا روانہ ہوگا اور وہاں ملیشیائی انفرا اسٹرکچر کا دن بھر معائنہ کرنے کے علاوہ شہر پتراجیہ کا دورہ بھی کریگا ۔ فیڈریشن آف آندھرا پردیش چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر انیل ریڈی وینم نے کہا کہ ہم خوش ہیں کہ چیف منسٹر نے سرمایہ کاروں سے سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال میں پہل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگاپور کے سرمایہ کاروں نے نئی ریاست میں سرمایہ کاری کے تعلق سے مثبت رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔