تھانے 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے ایک شیئر بروکر نے بھیونڈی سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں کو گیارہ لاکھ روپئے کی دھوکہ دہی کی جس کی شناخت 50 سالہ کیشو نلوڈے کی حیثیت سے کی گئی۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔ کیشو مضافاتی علاقہ ملنڈ کا ساکن ہے۔ اُس نے شکایت کنندہ شوبھانگی بھوگا کے مطابق ایک اسکیم سے واقفیت کروائی تھی اور سرمایہ کاروں کو طمانیت دی تھی کہ سرمایہ کاری کی صورت میں اُنھیں 15 فیصد ریٹرنس بہرحال ملیں گے۔ پولیس سب انسپکٹر نظام پورہ پولیس اسٹیشن جے ٹی ٹھاکر نے یہ بات بتائی۔ کیشو نے اس طرح کئی لوگوں کو اسکیم کے بارے میں جھوٹی معلومات فراہم کی اور گیارہ لاکھ روپئے لے کر فرار ہوگیا۔ اُس کے خلاف تعزیرات ہند کید فعہ 420 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے اور تلاش جاری ہے۔
سپریم کورٹ جج کیلئے نامزدگی سے دستبرداری کا مطالبہ
نئی دہلی 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) اپنے نام کو حکومت اور سپریم کورٹ کی جانب سے مسترد کردیئے جانے کے بعد توہین محسوس کرتے ہوئے سینئر ایڈوکیٹ گوپال سبرامنیم نے چیف جسٹس آف انڈیا سے درخواست کی ہے کہ فاضل عدالت کے لئے جج کے عہدہ کے لئے اُن کی امیدواری کی سفارش سے دستبرداری اختیار کی جائے۔ گوپال سبرامنیم نے اس سلسلہ میں سپریم کالیجیم کو بھی ایک مکتوب تحریر کیا جس کی قیادت جسٹس آر ایم لودھا کرتے ہیں۔ مکتوب میں اُنھوں نے کہاکہ فاضل عدالت کیلئے جج کے عہدہ پر ترقی کیلئے اُن کے (سبرامنیم) نام کی سفارش سے دستبرداری اختیار کی جائے۔