لکھنو 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاتما گاندھی کی 145 ویں یوم پیدائش تقریب پر اُنھیں یاد کرتے ہوئے چیف منسٹر یوپی اکھلیش یادو نے آج کہاکہ باپو کے نظریہ کو اِس سرمایہ دارانہ دور میں آگے بڑھانا ایک چیلنج سے کم نہیں۔ لیکن ملک کے استحکام کے لئے ایسا کرنا ضروری بھی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ موجودہ دور تکنیکی تبدیلیوں، سرمایہ داریت اور مارکٹنگ کا دور ہے۔ اِس دور میں گاندھی جی کے نظریہ پر عمل کرنا بہت بڑا چیلنج ہے۔ وہ گاندھی آشرم میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ گاندھی جی نے جس مہم کا آغاز کیا تھا ہم اُسے آگے بڑھائیں گے۔ ہمیں دیہاتوں اور سماج کی بنیادی سطح کا جائزہ لینا چاہئے اور اِس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ یہ بنیاد کمزور نہ ہونے پائے۔ ملک میں جو باہم خلیج پائی جاتی ہے اُس کو دور کرکے ہی ہم مستحکم کرسکتے ہیں اور گاندھی جی کے بتائے ہوئے راستے پر چل سکتے ہیں۔ اپنے سیاسی حریفوں کا حوالہ دیتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ ایسی طاقتیں بھی ہیں جو عجیب و غریب سوالات کرتی ہیں حالانکہ عوام اُن کو جواب دے چکے ہیں لیکن اِس کے باوجود وہ بعض علاقوں میں سرگرم ہیں۔ چیف منسٹر نے یہ بھی کہاکہ ہندوستان انتہائی جذباتی جمہوریت ہے اور یہ دیکھنا ضروری ہے کہ ہمارے اخلاقی اقدار تغیر پذیر دور میں کس طرح محفوظ رکھے جاسکتے ہیں۔