ممبئی۔/29مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) سرقہ کے الزام میں گرفتار ایک 17سالہ لڑکا یہاں ایک ہاسپٹل میں فوت ہوگیا۔ اس لڑکے کو جونیل ریمانڈ ہوم مالونگا میں مبینہ طور پر شدید زدوکوب کیا گیا تھا۔ تاہم مہاراشٹرا ویمن اینڈ چائیلڈ ویلفیر ڈپارٹمنٹ نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ نائیر ہاسپٹل میں فوت اس لڑکے کے ساتھ ریمانڈ ہوم میں مارپیٹ کی گئی تھی اور اس واقعہ پر ایک تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ممبئی کے مضافات پوورٹی میں مقیم امیر جمال خان کوتشویشناک حالت میں24مئی کو نائیر ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا تھا۔ سب انسپکٹر شیوجی پارک پولیس اسٹیشن نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے نائیر ہاسپٹل میں زیر علاج لڑکے کا بیان قلمبند کیا تھا، لڑکے نے بعض قیدیوں اور ایک سینئر عہدیدار کا نام بتایا جس پر انہوں نے اس پر حملہ، زدوکوب اور غیر اخلاقی حرکت کی تھی۔اس شکایت کی بناء پر پولیس نے کل ریمانڈ ہوم کے 12قیدیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے اور پولیس نے ان سے پوچھ تاچھ کیلئے بہبود اطفال کمیٹی سے اجازت طلب کی ہے جبکہ نائیر ہاسپٹل کے ڈاکٹروں سے پوسٹ مارٹم رپورٹ روانہ کرنے کی گذارش کی گئی ہے تاکہ موت کی وجوہات کا پتہ چلایا جاسکے۔