سرسلہ کو ضلع کا درجہ دینے پر عوام خوش

ہمہ گیر ترقی یقینی ہوگی ، وزیر آئی ٹی کے ٹی آر سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔/4اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کریم نگر میں سرسلہ کو ضلع کا درجہ دیئے جانے پر ٹی آر ایس قائدین اور عوامی نمائندوں نے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کو مبارکباد پیش کی۔ رکن پارلیمنٹ ونود کمار کے علاوہ سابق رکن پارلیمنٹ جی ویویک، ٹی آر ایس اسٹیرنگ کمیٹی کے رکن سید اکبر حسین اور دوسروں نے کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی اور سرسلہ کو ضلع کا درجہ دینے کیلئے مساعی پر اظہار تشکر کیا۔ ان قائدین نے کہا کہ سرسلہ کے عوام حکومت کے اس فیصلہ سے کافی خوش ہیں کیونکہ یہ فیصلہ علاقہ کی ترقی میں اہم رول ادا کرسکتا ہے۔ رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے کہا کہ کے ٹی راما راؤ نے سرسلہ ضلع کی ترقی کیلئے جو مساعی کی ہے اسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ ضلع کی تشکیل سے علاقہ کی ہمہ جہتی ترقی میں مدد ملے گی۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ بہتر نظم و نسق اور اسکیمات کے فوائد عوام تک پہنچانے میں سہولت کیلئے حکومت نے نئے اضلاع کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے اعتراضات کو مسترد کردیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انتہائی دور اندیشی کے ساتھ نئے اضلاع کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے جس سے مستقبل میں تلنگانہ ریاست ملک بھر میں ترقی اور فلاحی اقدامات میں سر فہرست ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جن فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ان کی مقبولیت ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی ہوچکی ہے اور اسکیمات کی تفصیلات دیگر ریاستیں حاصل کررہی ہیں۔ سابق رکن پارلیمنٹ جی ویویک نے سرسلہ کو ضلع کا درجہ دینے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سے تعلق رکھنے والے 2 وزراء کے ٹی آر اور ای راجندر نے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی اور نئے اضلاع کی تشکیل سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ سید اکبر حسین اسٹیرنگ کمیٹی رکن نے کہا کہ کریم نگر کے عوام کے ٹی آر کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرپائیں گے۔ کے ٹی راما راؤ حقیقی معنوں میں سیکولر اور اقلیت دوست ہیں اور اپنے والد کے سی آر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وہ تمام طبقات کی یکساں ترقی کے اقدامات کررہے ہیں۔ اکبر حسین نے سرسلہ ضلع کی تشکیل پر کے ٹی آر کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کریم نگر کو 4 اضلاع میں تقسیم کرنے سے ترقی اور فلاحی اقدامات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔