حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت آندھرا پردیش کو سرخ صندل کی لکڑی کے ہراج کیے جانے پر جملہ 991 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ گذشتہ شب حکومت آندھرا پردیش نے پہلی مرتبہ ای ہراج کا آغاز و اختتام عمل میں آیا ۔ ای ہراج کے پہلے مرحلہ میں حکومت آندھرا پردیش نے 3615 میٹرک ٹن سرخ صندل کی لکڑی کا ہراج کیا گیا جس کے ذریعہ حکومت کو 991 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی ۔ اعلی عہدیداران محکمہ جنگلات نے بتایا کہ ریاست آندھرا پردیش میں سرخ صندل کی بڑھتی ہوئی اسمگلنگ کا تدارک کرنے کے لیے حکومت سخت اقدامات کررہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے سرخ صندل کی لکڑی کی فروخت کے لیے منظم کردہ ای ہراج میں اندرون و بیرون ممالک کے افراد بھی شریک ہوئے اور اب اس سلسلہ میں حکومت نے عہدیداروں سے سرخ صندل کی لکڑی کی اسمگلنگ پر کڑی نظر رکھنے کے لیے موثر اقدامات کی ہدایات دی ہے ۔۔