نئی دہلی 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سرحد پر مسلسل صف آرائی کے دوران ہندوستان اور چین آج ایک فلیگ میٹنگ منعقد کررہے ہیں تاکہ اِس مسئلہ کی یکسوئی ہوسکے۔ چین کی درخواست پر فلیگ میٹنگ لداخ کے علاقہ چوشول میں منعقد کی جارہی ہے۔ ہندوستان نے مطالبہ کیا ہے کہ لداخ کے علاقہ چومر میں 10 ستمبر سے پہلے کی صورتحال بحال کی جائے۔ ہندوستان دریں اثناء اپنا ایک خصوصی نمائندہ مقرر کرے گا جس کا مطالبہ صدر چین کے گزشتہ ہفتہ دورۂ ہند کے موقع پر سرحدی مسئلہ پر بات چیت کے دوران کیا گیا تھا تاکہ خطہ حقیقی قبضہ کا تعین کیا جاسکے۔ لداخ میں گزشتہ سال اپریل میں دیپ سانگ کے واقعہ کے اعادہ کے پیش نظر ذرائع کا خیال ہے کہ چین ایک بار پھر ہندوستان کی بعض سرحدی چوکوں کو جو چومر کے علاقہ میں قائم ہیں، برخاست کرنے کا مطالبہ کرے گا۔ چینی فوجی چومر کے علاقہ میں اپنے خیمے گاڑ چکے ہیں اور اُن کے ہیلی کاپٹرس فوجیوں کے لئے غذائی پیاکٹس کی سربراہی کررہے ہیں۔ اِس علاقہ میں دو ہفتے قبل کشیدگی پیدا ہوگئی تھی جبکہ بعض چینی کارکن اپنی سمت ایک سڑک تعمیر کررہے تھے لیکن سرحد پار کرکے ہندوستانی علاقہ میں داخل ہوگئے تھے اور اُنھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ہندوستانی علاقہ میں 5 کیلو میٹر کے فاصلہ تک تبلی کے مقام تک سڑک تعمیر کریں گے جس کے اُنھیں احکام مل چکے ہیں۔ موسم سرما میں چینی فوجیوں نے گھڑسوار فوج کے ساتھ اِس علاقہ میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی اور اِس کے بعد مسلسل اِس علاقہ میں دراندازی کی کوشش کرتے رہے ہیں۔