دھمن گاؤں ( مہاراشٹرا ) 10 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) سرحد پار سے ہو رہی فائرنگ میں قدرے کمی کے بعد آج وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان کے جوانوں نے پاکستان کا منہ بند کردیا ہے اور اسے ایک سبق سکھادیا گیا ہے ۔ پاکستان کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ ہندوستان کے زبردست جواب کے بعد بند ہوا ہے ۔ نریندر مودی نے یہاں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا گیا ہے ۔ اب وہ ( پاکستان ) ایسا کرنے ( فائرنگ ) کی غلطی نہیں دہرائیگا ۔ ہمارے جوانوں نے ان کا منہ بند کردیا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سے ملنے والی سرحد کے قریب جو لوگ رہتے ہیں انہیں اپنے گھروں سے نو دن تک گھروں سے دور رہنا پڑا تھا کیونکہ وہاں شدید شلباری کا سلسلہ جاری تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام کو مرکز کی جانب سے مناسب معاوضہ دیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کو یہ تیقن دینا چاہتے ہیں کہ فائرنگ کی وجہ سے اپنے گھروں سے جو لوگ دور رہنے پر مجبور ہوئے تھے
انہیں مناسب معاوضہ دیا جائیگا ۔ انہوں نے پاکستان کی جارحیت پر ہندوستان کا جو رد عمل رہا اس پر کانگریس کی تنقیدوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ کانگریس صرف بیانات میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت صرف ’ بولی ‘ کا نہیں بلکہ ہمارے جوانوں کی ’’ گولی ‘‘ کا ہے ۔ اس دوران جموں اور سامبا اضلاع میں فائرنگ کے تبادلہ میں کمی ہوئی ہے ۔ پاکستان نے چار سرحدی آوٹ پوسٹس پر کٹھوا میں فائرنگ کی تاہم جموں و ر سامبا اضلاع میں فائرنگ نہیں ہوئی ہے ۔ بی ایس ایف ترجمان نے بتایا کہ 9 و 10 اکٹوبر کی درمیانی شب جموں اور سامبا اضلاع میں سرحد پر فائرنگ نہیں ہوئی ہے ۔ تاہم فائرنگ کے ایکا دوکا واقعات کٹھوا میں پیش آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ گذشتہ نو دنوں میں سرحد پر فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا اور اس میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ 7 اور 8 اکٹوبر کی درمیانی شب دونوں ممالک کی افواج کے مابین سرحد پر فائرنگ کا زبردست تبادلہ عمل میں آیا تھا ۔