سرحد پر کشیدگی کے پیش نظر فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر زور: ملائم سنگھ

لکھنو 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج انتباہ دیا کہ بعض ’’طاقتیں‘‘ امکان ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سرحدی بحران سے فائدہ اُٹھائیں گی اور کہاکہ اِس سے ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور برادرانہ ماحول متاثر نہیں ہونا چاہئے۔ وہ سماج وادی پارٹی کے قومی کنونشن کے تیسرے اور آخری دن پارٹی کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے پارٹی کارکنوں خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ ناانصافی اور مظالم کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ اُنھوںنے کہاکہ یہ پارٹی کی حقیقی شناخت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ملک گیر سطح پر تباہ کرنے کی ایک بڑی سازش کی جارہی ہے۔ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ بعض طاقتیں سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گی کیونکہ سرحد پر شلباری ہورہی ہے۔ وہ اقلیتوں کے بارے میں ایک نقطہ نظر پیدا کرنے کی کوشش کریں گی لیکن آپ سب کو چوکس رہنا چاہئے۔ کسی بھی طرح برادرانہ تعلقات اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دینا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں یا آپ لوگوں کے درمیان اِس کی وجہ سے کوئی ردعمل پیدا نہیں ہونا چاہئے۔ آپ اِس بات کو ذہن نشین رکھیں۔ پاکستان چاہے کتنی بھی شلباری کرے یہ ہماری طاقت کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ ہماری طاقت شاندار ہے اور ہمارے سپاہیوں میں جنگ کرنے کی فطری صلاحیت موجود ہے۔ ملائم سنگھ نے کارکنوں سے اپیل کی کہ حالانکہ ہماری پارٹی برسر اقتدار ہے لیکن کارکنوں کو ناانصافی اور مظالم کے خلاف جدوجہد جاری رکھنا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ پارٹی اِس موقف میں کاشتکاروں، غریبوں کے لئے اور عدم مساوات کے خلاف جدوجہد کرنے کی وجہ سے پہنچی ہے۔ ناانصافی کے خلاف جدوجہ سے عوام کو یقین ہوگیا کہ سماج وادی پارٹی ناانصافی کو برداشت نہیں کرے گی۔ ہمیں اِس پیغام پر عمل کرکے دکھانا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ پارٹی کی پیشرفت اور اس کے استحکام کی ذمہ داری نوجوانوں پر ہے۔ نظریہ اور پالیسی کی بنیاد پر ہمیں آگے بڑھنا چاہئے۔ ہمیں کافی جدوجہد کرچکے ہیں اور اِسے جاری رکھیں گے لیکن آپ کو پارٹی کی تائید کرنی ہوگی۔ اُنھوں نے نشاندہی کی کہ نوجوانوں میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔ چیف منسٹر کو اِس کا جائزہ لینا چاہئے۔