سرحد پر فائرنگ کا مودی کے اقتدار تعلق

پونے 10 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) لائین آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے سلسلہ کو 1947 کے بعد سے شلباری کا سب سے طویل دورانیہ قرار دیتے ہوئے کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ ان واقعات کا نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کے برسر اقتدار آنے سے تعلق ہے ۔ غلام نبی آماد نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور مودی کی زیر قیادت این ڈی اے کے برسر اقتدار آنے میں کوئی رابطہ ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے کل ہی ایک بیان میں اپوزیشن قائدین سے کہا تھا کہ وہ اس مسئلہ کو سیاسی رنگ نہ دیں۔ غلام نبی آزاد نے الزام عائد کیا کہ یہ در اصل نریندر مودی ہی ہیں جنہوں نے سرحدات کی صورتحال کو 2014 کے عام انتخابات کی مہم کے دوران سیاسی رنگ دیا تھا اور یہ ادعا کیا تھا کہ یو پی اے حکومت ملک کی سرحدات کے تحفظ میں ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شلباری کے واقعات میں کم از کم 8 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 93 زخمی ہوئے ہیں۔ فائرنگ کے نتیجہ میں جموں کے تین اضلاع میں 35,000 افراد بے گھر بھی ہوئے ہیں۔ مودی کے اس بیان پر کہ فوج نے جوابی کارروائی کی ہے آزاد نے کہا کہ فوج ساری قوم کی ہے اور اسی فوج نے یو پی اے دور حکومت میں بھی جنگ بندی خلاف ورزیوں پر جوابی اقدام کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو جموں کا دورہ کرنا چاہئے تھا ۔