سرحد پار سے جعلی کرنسی اور منشیات کی اسمگلنگ

58 کروڑ روپئے مالیتی ہیروئین اور 4 لاکھ روپئے قدر کی کرنسی ضبط
جموں ۔ 22 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : بارڈر سیکوریٹی فورس ( بی ایس ایف ) نے ہند ۔ پاک سرحد کے قریب تقریبا 4 لاکھ روپئے مالیتی جعلی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیا ہے ۔ سینئیر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ باوثوق ذرائع سے اطلاع ملنے پر ضلع جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے قریب کل شام بی ایس ایف دستوں نے محاصرہ اور تلاشی مہم شروع کردی ۔ جس کے دوران 2پیاکٹس دستیاب ہوئے ایک میں سگریٹ کی ڈبیاں تھیں دوسرے میں 1000 روپئے قدر کی 399 کرنسی نوٹ تھے ۔ آر ایس پوری پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ ضلع پونچھ میں پولیس نے منشیات کے دو اسمگلرس بشمول ایک سابق پولیس کانسٹبل کو گرفتار کر کے 58 کروڑ روپئے مالیتی 56 کلو ہیروئین ضبط کرلی ہے ۔ ایک اطلاع پر پولیس نے کل شب ضلع پونچھ کے مضافات میں کلائی برج پر ایک ٹاٹا موبائیل گاڑی کو روک لیا اور تلاشی لے کر اعلیٰ معیار کی 45 پیاکٹس ہیروئن برآمد کرلی ۔ بین الاقوامی مارکٹ میں اس کی مالیت تقریبا 58 کروڑ ہوسکتی ہے ۔ پولیس نے ایک سلسلہ میں 2 اسمگلرس محمد رفیق اور ڈرائیور شکیل احمد کو گرفتار کرلیا جب کہ شفیق خدمات سے برطرف پولیس کانسٹبل ہے ۔