سرحد پار دہشت گرد ٹھکانوں پر کارروائی ناگزیر

پاکستان سے دہشت گرد تنظیمیں سرگرم، بھٹی وکرامارکا اور محمد علی شبیر کا بیان
حیدرآباد ۔ 26۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں قائد اپوزیشن بھٹی وکرامارکا اور قانون ساز کونسل میں فلور لیڈر محمد علی شبیر نے پاکستان میں دہشت گرد ٹھکانوں پر ہندوستانی فضائی حملہ کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ دہشت گرد حملہ کے بعد اس طرح کی کارروائی ناگزیر تھی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا اور محمد علی شبیر نے کہا کہ ہندوستان کا ہر شہری اس کارروائی کی تائید کرتا ہے کیونکہ کسی بھی بیرونی طاقت کو ہندوستان نے عدم استحکام پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ چند برسوں میں پاکستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی ہندوستان کے خلاف کارروائیوں میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ ان تنظیموں کو پاکستانی حکومت کی تائید حاصل ہے ۔ انہوں نے پاکستان کے اس استدلال کو مسترد کردیا کہ اگر ہندوستان ثبوت پیش کرے تو وہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے گا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ ہندوستانی سپاہیوں کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈالنے والی کارروائیوں کا مقابلہ کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی تمام جماعتیں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر حکومت کے اقدامات کی تائید کر رہی ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان کو مشورہ دیا کہ وہ محض بیان بازی کے بجائے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے اور یہ اقدام دونوں ممالک کے حق میں بہتر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی فوجی کارروائی کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا جانا چاہئے ۔ پلوامہ دہشت گرد حملہ میں ملوث تنظیموں کے ٹریننگ کیمپس کو نشانہ بناتے ہوئے ہندوستانی فضائیہ نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ ہندوستان کا نشانہ فوج یا عام شہری نہیں بلکہ دہشت گرد ٹھکانہ تھا۔