سرحد پار دھاوں کا افغان الزام، پاکستان کی تردید

اسلام آباد۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج افغانستان کے الزامات کو ’’بے بنیاد‘‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا کہ پاکستانی فوج بغیر وردی کے سرحد پار شورش زدہ صوبہ کونار میں حملہ کرتے ہوئے 3 افغان فوجیوں کو ہلاک کرچکے ہیں۔ وزیر دفاع افغانستان بسم اللہ محمدی نے اتوار کے دن الزام عائد کیا تھا کہ پاکستانی فوجی شہریوں کے لباس میں صوبہ کونار کے ضلع بڈگام میں حملہ کرتے ہوئے تین افغان فوجیوں کو ہلاک کرچکے ہیں۔ یہ الزامات ایک ایسے وقت پاکستان پر عائد کئے گئے ہیں

جبکہ پاکستان عسکریت پسندوں کو سرحد کی دوسری جانب فرار ہونے سے روکنے کے لئے سرحد کے صیانتی انتظامات میں سختی پیدا کرنے افغانستان کی مدد کی خواہاں ہے۔ وزارت خارجہ افغانستان نے کل دعویٰ کیا تھا کہ کم از کم 3 افغان فوجی پاکستانی فوج کے صوبہ کونار میں حالیہ حملے میں ہلاک کردیئے گئے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان کو ان الزامات پر ’’گہری مایوسی‘‘ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستانی فوج نے افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گردوں پر بار بار حملے کئے ہیں۔