نیدرلینڈ کی عراق پر بمباری
استنبول ۔ 7 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر ترکی رجب طیب اردغان نے خبردار کیا کہ شام کا سرحدی ٹاؤن خوبانے جہادیوں کے قبضہ میں چلا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے زمینی کارروائی ضروری ہے۔ اردغان نے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہم زمینی کارروائی میں ایک دوسرے کا تعاون نہ کریں تب تک دہشت گردی ختم نہیں ہوگی۔ انہوں نے شہر کے اصلاحی کیمپ میں موجود شامی پناہ گزینوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی زیر قیادت اتحادی فوج کے فضائی حملے ناکافی ہیں، جس کا مقصد داعش سے نبرد آزما کرد جنگجوؤں کی مدد کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی ماہ گزر چکے ہیں لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔
خوبانے بھی دہشت گردوں کے قبضوں میں چلا جائے گا۔ ان کے اس خطاب کا پناہ گزینوں کیلئے عربی ترجمہ کیا گیا تھا ۔ اس دوران نیدرلینڈ کے ایف ۔16 طیاروں نے آج پہلی بار عراق میں داعش کے خلاف لڑائی میں حصہ لیا ۔ وزارت دفاع نے بتایا کہ دو طیاروں نے آج پہلی مرتبہ فضائی حملے کئے اورداعش کی گاڑیوں پر تین بم گرائے گئے۔ اس حملے میں گاڑیاں تباہ ہوگئیں اور داعش جنگجو بھی ہلاک ہونے کا امکان ہے۔ نیدر لینڈر 250 فوجی عملہ اور 130 تربیت دینے والوں کو بھی تعینات کرے گا۔ نیدرلینڈ کا کہنا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی تائید کے بغیر شام میں فضائی حملوں میں شامل نہیں ہوگا۔