جموں، 28جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں بین الاقوامی سرحدی کے کانا چک سیکٹر میں 22 جنوری کو پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والی 35 سالہ خاتون بملا دیوی ایک ہفتے تک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی جنگ ہار گئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے یہاں یو این آئی کو بتایا ‘ 35 سال خاتون بملا دیوی زوجہ بووا دیتا ساکنہ کاناچک 22 جنوری کو کاناچک سیکٹر میں سرحد پار فائرنگ کی وجہ سے زخمی ہوئی تھی’۔ انہوں نے بتایا ‘اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال جموں منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ ایک ہفتے تک زیر علاج رہنے کے بعد اتوار کی صبح دم توڑ گئی’۔زخمی خاتون کی موت ہوجانے کے ساتھ صوبہ جموں کے پانچ اضلاع جموں، سانبہ، کٹھوعہ، پونچھ اور راجوری میں بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی پر حالیہ شدید گولہ باری میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 14 ہوگئی ہے ۔اس دوران پولیس ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر گذشتہ ایک ہفتے کے دوران گولہ باری کا کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا۔