جموں ۔ 8مئی (سیاست ڈاٹ کام) فوجی دستوں نے آج ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول سے متصل علاقہ میں مداخلت کاری کی کوشش کو ناکام بنادیا اور ایک مشتبہ عسکریت پسند کو ہلاک کردیا جو کہ فوجی بھگوڑا بتایا جاتا ہے۔ محکمہ دفاع کے پی آر او لیفٹننٹ کرنل منیش مہتا نے بتایا کہ مندھارسیکٹر کے سرحدی علاقہ سونی گلی میں آج صبح 8-50 بجے فوجی کا ایک گشتی دستہ اچانک فائرنگ کی زد میں آگیا ۔ یہ فوجی دستہ ہندوستانی علاقہ میں 300 میٹر اندر تھا ۔ فی الفور مورچہ سنبھالے ہوئے جوابی فائرنگ شروع کردی اور مشتبہ عسکریت پسندوں کیساتھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا جسکے باعث ایک مداخلت کاربرسر موقع ہلاک ہوگیا۔ انکاونٹر کے مقام سے ایک نعش کیساتھ ایک اے کے ریفل 4 میگزین 28 گولیاں اور 2 دستی بم ، اور ایک GPS کے علاوہ دیگر اشیاء دستیاب ہوئیں جبکہ مہلوک عسکریت پسند جنگی لباس اور اعلیٰ معیار کا شوز (جوتے) پہنا ہوا تھا ۔