چند جوان معمولی زخمی ۔ پانچ شہریوں کو بھی زخم ۔ ہندوستان کی جوابی فائرنگ میں پاکستانی فوجی بھی زخمی
جموں 7 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی افواج نے ہندوستانی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے کئے گئے سرجیکل حملوں کے بعد سے جموںو کشمیر میں لائین آف کنٹرول پر جنگ بندی کی 25 مرتبہ خلاف ورزیاں کی ہیں۔ ایک سینئر فوجی عہدیدار نے بتایا کہ پاکستانی فوج کی جانب سے لائین آف کنٹرول پر جنگ بندی کی 25 مرتبہ خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔ یہ خلاف ورزیاں سرجیکل حملوں کے بعد ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنگ بندی کی بڑی خلاف ورزیاں 3 , 4 اور 5 اکٹوبر کو لائین آف کنٹرول پر ہوئی ہیں۔ 5 اکٹوبر کو پاکستانی افواج نے تین مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور انہوں نے کئی ہندوستانی ٹھکانوں اور شہری علاقوں کو پونچھ اور راجوری اضلاع مںے تین سیکٹرس میں نشانہ بناتے ہوئے مورٹار شلباری اور شدید فائرنگ کی تھی ۔ اشتعال دلائے جانے پر ہندوستانی فوج نے بھی جوابی فائرنگ کی تھی ۔ فوج کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج کی کارروائی میں تین ہندوستانی سپاہی معمولی طور پر زخمی ہوئے جبکہ نو پاکستانی فوجیوں کو جوابی فائرنگ میں زخم آئے ہیں۔ 4 اکٹوبر کو پاکستانی افواج نے 10 سرحدی علاقوں میں مورٹار شلباری کی اور فائرنگ کرتے ہوئے جنگ بندی کی پانچ مرتبہ خلاف ورزیاں کی ہیں۔ یہاں ہندوستانی ٹھکانوں اور لائین آف کنٹرول کے قریب چار علاقوں میں شہری مقامات کو نشانہ بناتے ہوئے یہ فائرنگ کی گئی تھی ۔ پاکستانی فوج کی جانب سے شلباری کے علاوہ خود کار ہتھیاروں سے جھنگر ‘ کالسیان ‘ مکری ( نوشیرہ سیکٹر) راجوری کے علاوہ پالن والا سیکٹر جموں اور بلنوئی ‘ کرشناگھاٹی ( پونچھ ضلع میں) فائرنگ کی ہے ۔ اس کارروائی میں ایک جوان زخمی ہوا تھا ۔ 3 اکٹوبر کو پاکستانی افواج نے چار مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی ہیں اور انہوں نے سوجیان ‘ شاہ پور ۔ کیرنی ‘ منڈی اور کے جی سیکٹرس پونچھ ضلع میں چار مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔ یہاں فائرنگ کے واقعات میں پانچ عام شہری زخمی ہوئے ہیں جبکہ کئی دوکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں کیونکہ ایک شیل تیل کے کنٹینر پر گرا تھا جس سے آگ بھڑک اٹھی ۔ اس کے علاوہ دو اکٹوبر اور یکم اکٹوبر کو بھی لائین آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں ہوئی ہیں۔