سرجیکل اسٹرائک ویڈیو، ہندوستان خواب دیکھ سکتا ہے : پاکستان

اسلام آباد ۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ہندوستانی میڈیا میں نشر ہوئے ’سرجیکل اسٹرائیک‘‘ کے مبینہ ویڈیو کو خارج کردیا ہے۔ غور طلب ہیکہ ہندوستان کی فوج نے سرحد پر جاکر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ’سرجیکل اسٹرائیک‘ کی تھی۔ کئی ہندوستانی ٹی وی چینل نے اس کی مبینہ ویڈیو نشر کی تھیں۔ ویڈیو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے دفترخارجہ کے ترجمان محمد فیصل خان نے کہا ’’میں نے پہلے بھی کہا اور پھر کہوں گا۔ سرجیکل اسٹرائیک کا یہ ویڈیو نشر کرنا ہندوستان کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے اور کچھ نہیں۔ وہ خواب دیکھ سکتے ہیں‘‘۔ قریب دو سال پہلے پاکستان کے قبضے والے کشمیر میں ہندوستانی فوج کی سرجیکل اسٹرائیک کا ویڈیو پہلی مرتبہ سامنے آیا ہے۔ فوج کے جوانوں نے 29 ستمبر 2016ء کی صبح ایل او سی کے پار جاکر دہشت گردوں کے لانچ پیڈ کو تباہ کردیا تھا۔ فوج کے ان جرأتمندانہ کارناموں کی ملک کے علاوہ دنیا بھر میں خوب چرچا ہوئی تھی۔