سرجیکل اسٹرائک ’شرمندگی‘کا سبب ، آرٹسٹوں کا ریمارک

بھوپال، 4 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کے ذریعہ وزیراعظم نریندر مودی سے پاک مقبوضہ کشمیر میں فوج کے سرجیکل اسٹرائک کے ثبوت مانگے جانے کا تنازعہ ابھی ٹھنڈا بھی نہیں ہوا تھا کہ مدھیہ پردیش کے اندور میں بائیں بازو تھیٹر آرٹسٹوں کے گروپ انڈین پیپلز تھیٹر اسوسی ایشن (اپٹا) کے اداکاروں نے اسے شرمندگی کا سبب قرار دیتے ہوئے ایک نیا تنازعہ چھیڑ دیا ہے ۔اندور میں جاری سہ روزہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں اتوار کو فلمساز اور اداکار ایم ایس سیتھو نے سرجیکل حملہ کو ’شرمندگی‘کا سبب بتایا، جس کے بعد چاروں طرف سے مخالفت کی آواز تیز ہو گئی ہے ۔ سیتھو نے کہا کہ  جنگ سے کسی مسئلے کا حل نہیں نکلتا۔ اس کے لئے امن کے ماحول میں بات چیت ہونی ضروری ہے ، تو ہم سرجیکل اسٹرائک کی حمایت نہیں کرتے ۔جنگ کبھی انسانیت کے حق میں نہیں رہی، سرجیکل حملہ بھی ایک طرح کی جنگ ہے۔
ہمیں اس سے بھی شرمندگی ہوتی ہے کیونکہ ہمارا ملک تو عدم تشدد کے لئے جانا جاتا ہے ۔مسٹر ستھیو نے ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کے تانے بانے کو کمزور کرکے ایسے حالات پیدا کر رہی ہے ، جس سے فرقہ وارانہ اور بنیاد پرست طاقتیں مضبوط ہو رہی ہیں۔