سرتے میں آئی ایس دو کیلو میٹر رقبہ میں محصور

سرتے۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کے موافق حکومت فوج نے آج آئی ایس گروپ کے جہادیوں کو ساحلی شہر سرتے کے آخری ٹھکانے تک محدود کردیا ہے۔ آئی ایس کے شمالی افریقی طاقتور گڑھ کیلئے زبردست لڑائی ہوئی جس میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ تقریباً 3 ماہ قبل موافق حکومت فوج نے یہاں کارروائی شروع کی تھی۔ فوج کو امریکہ کی تائید حاصل ہے اور ایک ماہ قبل امریکی فضائی حملوں کی مدد سے فوج نے نمایاں پیشرفت کی۔ یہاں آئی ایس کے کنٹرول کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر کافی تشویش بڑھ رہی تھی۔ سرکاری فوج نے آج کہا کہ جہادیوں کو دو کیلو میٹر کے رقبہ میں محصور کردیا گیا ہے۔ اس لڑائی میں 38 فوجی ہلاک اور 185 زخمی ہوئے اور اس وقت سرتے پر مکمل کنٹرول کیلئے لڑائی قطعی مرحلہ میں پہنچ چکی ہے۔