سرتاج عزیز کا 23 اگسٹ کو دورہ ہند متوقع

اسلام آباد 3 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) قومی سلامتی و خارجی امور پر وزیر اعظم پاکستان کے مشیر سرتاج عزیز امکان ہے کہ 23 اگسٹ کو ہندوستان کا دورہ کرینگے تاکہ دونوں ملکوں کے قومی سلامتی مشیران کا اجلاس ہوسکے ۔ حکومت پاکستان کے ذرائع نے کہا کہ ابھی تک اس دورہ کا امکان برقرار ہے ۔ دیکھنا یہ ہے کہ آگے کیا حالات ہوتے ہیں ۔ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اور وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے روس کے شہر یوفا میں گذشتہ مہینے ہوئی ملاقات کے دوران اپنے اپنے قومی سلامتی مشیران کے اجلاس سے اتفاق کیا تھا ۔ ہندوستان نے سرتاج عزیز اور اپنے قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول کے مابین ملاقات کیلئے 23 اور 24 اگسٹ کی تاریخ کی تجویز پیش کی تھی ۔ تاہم پاکستان نے ابھی تک ان مجوزہ تواریخ کی توثیق نہیں کی ہے اور نہ ہی دونوں عہدیداروں کے مابین ملاقات کے ایجنڈہ کو ابھی قطعیت دی گئی ہے ۔ اس ملاقات کے دوران امکان ہے کہ یہ دونوں عہدیدار گرداسپور دہشت گردانہ حملہ ‘ ممبئی حملوں کے ملزم ذکی الرحمن لکھوی کو ضمانت اور دوسرے سکیوریٹی امور پر تبادلہ خیال کرسکتے ہیں۔