اسلام آباد ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے قومی سلامتی مشیر (NSA) سرتاج عزیز نے آج یہاں ہندوستانی ہائی کمیشن پہنچ کر سابق صدرجمہوریہ ہند اے پی جے عبدالکلام کی موت پر اظہارتعزیت کیا۔ پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سرتاج عزیز نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے عبدالکلام کی موت پر اظہارتعزیت کیا۔ ہائی کمیشن میں موجود تعزیت درج کرنے کیلئے مخصوص ایک کتاب میں بھی انہوں نے تحریری طور پر رنج و غم کا اظہار کیا اور اپنے دستخط کئے۔ اس وقت معتمد خارجہ اعزاز احمد چودھری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جاریہ ہفتہ کے اوائل میں وزیراعظم نواز شریف نے بھی عبدالکلام کی اچانک موت پر اظہارتعزیت کیا تھا۔ عالمی قائدین بشمول صدر امریکہ بارک اوباما، صدر روس ولادیمیر پوٹن، وزیراعظم سنگاپور لی سین لونگ نے بھی عبدالکلام کی موت پر اظہارتعزیت کیا ہے۔ 83 سالہ عبدالکلام جنہیں ’’میزائیل مین‘‘ بھی کہا جاتا تھا، پیر کے روز شیلانگ کی انڈین انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں ایک لکچر کے دوران گر پڑے تھے۔ انہیں فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔ 2002ء تا 2007ء مرحوم صدرجمہوریہ کے جلیل القدر عہدہ پر فائز رہے۔