بلغراد ۔4 ستمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) سربیا کے وکلاء استغاثہ نے کہا کہ پانچ افراد پر جنگ کے دوران 20 شہریوں پر جن میں سے بیشتر مسلمان تھے اذیت رسانی اور قتل کے الزام میں فردِ جرم پیش کردیا گیا ہے ۔ پڑوسی ملک بوسنیا میں 1990 ء کی دہائی کی جنگ کے دوران ان جرائم کا ارتکاب کیا گیا تھا ۔ 27 فبروری 1993 ء کو سرب نیم فوجی ارکان کے گروپ نے ایک ٹرین کو روک دیا تھا جو بوسنیا جارہی تھی ۔ 20 مسافرین کو گرفتار کرلیا تھا جو سربیائی مسلمان تھے ، اُنھیں مشرقی بوسنیا منتقل کرکے اذیت رسانی کی تھی ، انھیں ہلاک کردیا تھا اور اُن کی نعشیں دریائے درینہ میں پھینک دی تھیں۔ نیم فوجی فورس کے جملہ 16 مشتبہ ارکان کو 2014 ء میں گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ 11 پر ساراجیو میں مقدمہ چلایا گیا اور ایک کو پانچ سال اور دوسرے کو 15 سال کی سزائے قید سنائی گئی تھی ۔