کانگریس کا ایجنڈا ترقی، ڈگ وجے سنگھ کا ادعا
حیدرآباد /24 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ نے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس کا ایجنڈا شخصی ہے، جب کہ کانگریس کا ایجنڈا ترقی کا ہے۔ انھوں نے آج حیدرآباد میں کہا کہ علاقہ تلنگانہ میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے انتخابی دورے کامیاب رہے ہیں، جب کہ 25 اپریل کو راہول گاندھی کا دورہ حیدرآباد اور ورنگل مقرر ہے اور اس کے دوسرے دن 26 اپریل کو وزیر اعظم ضلع نلگنڈہ کا دورہ کریں گے اور 27 اپریل کو سونیا گاندھی ضلع میدک کا دورہ کریں گی۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کے سرکردہ قائدین کے دوروں کے بعد کانگریس کارکنوں میں نیا جوش و خروش پیدا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس سماجی انصاف اور ترقی کا ایجنڈا رکھنے والی جماعت ہے، یو پی اے اور کانگریس کا دس سالہ اقتدار ترقی اور فلاح و بہبود کے علاوہ بے روزگاری اور غربت کے خاتمہ کا دور شمار ہوتا ہے۔ کانگریس وعدوں پر عمل کرنے والی جماعت ہے، لہذا وعدہ کے مطابق مخالفتوں اور رکاوٹوں کی پرواہ کئے بغیر سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی اور کانگریس کے پاس تلنگانہ کی ترقی کا بھی ایجنڈا ہے۔ انھوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس ہی تلنگانہ کی تعمیر نو میں ذمہ دارانہ رول ادا کرے گی۔ انھوں نے ٹی آر ایس سربراہ پر ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ چندر شیکھر راؤ نے وعدہ نہیں نبھایا اور نہ ہی ٹی آر ایس کے پاس کوئی ترقی کا ایجنڈا ہے۔ انھوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ اشتعال انگیزی اور جذبات میں بہنے کا وقت نہیں ہے، بلکہ تلنگانہ میں امن و امان اور ترقی کی ضرورت ہے، جب کہ یہ کام صرف کانگریس پارٹی ہی کرسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تلگودیشم اور بی جے پی کا اتحاد غیر اخلاقی ہے، عوام دونوں جماعتوں کو ہرگز معاف نہیں کریں گے۔