سربراہ سہارا کے ڈپازٹ کا سپریم کورٹ نے نوٹ لیا

نئی دہلی۔5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج نوٹ کیا کہ پریشانیوں میں گھرے سربراہِ سہارا سبرتھ رائے نے سیبی۔سہارا اکائونٹ میں 710.22 کروڑ روپئے ڈپازٹ کرائے ہیں، لیکن متنبہ کیا کہ اس کا 552.21 کروڑ روپئے کا چک 15 جولائی کی مہلت کے اندرون لازماً کلیئر ہوجانا چاہئے۔ فاضل عدالت نے سبرتھ رائے کی اس چک کو کلیئر کرنے کے لیے 15 جولائی کی مہلت میں توسیع دینے کی درخواست مسترد کردی۔

کاویری کے پانی کا مسئلہ
ٹاملناڈو سپریم کورٹ سے رجوع
نئی دہلی۔5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج ٹاملناڈو کی طرف سے ایک تازہ عرضی قبول کرلی جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کرناٹک دریائے کاویری کا 22.5 ٹی ایم سی پانی کا حصہ اسے نہیں دے رہا ہے۔ جسٹس دیپک مشرا کی سربراہی والی بنچ نے ٹاملناڈو کے کونسل سے کہا کہ اس ضمن میں باقاعدہ درخواست داخل کرے اور یقین دلایا کہ عدالت اس کی سماعت کرے گی۔ ٹاملناڈو نے الزام عائد کیا کہ کرناٹک کو گزشتہ 25 یوم میں 22.5 ٹی ایم سی (ہزار ملین کیوبک فیٹ) پانی دینا ضروری تھا لیکن ابھی تک صرف 16.58 ٹی ایم سی پانی جاری کیا گیا ہے۔ جس سے سربراہی میں قابل لحاظ کمی ہوگئی ہے۔