نئی دہلی 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بحریہ کے سربراہ اڈمیرل سنیل لامبا نے 6 روزہ دورہ فرانس شروع کیا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے مسلح افواج کے تعاون کے نئے مواقع کھوجے جاسکیں۔ بحریہ کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ اڈمیرل لامبا فرانسیسی وزیر دفاع فلورینس پارلی سے ملاقات کریں گے اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل فرانکوئی لیکونترے اور چیف آف فرنچ نیوی اڈمیرل کرسٹوفی پرازوک کے ساتھ بات چیت منعقد کریں گے۔ اِس دورے کا مقصد ہندوستان اور فرانس دونوں کے مسلح افواج کے درمیان تعاون کو تقویت دینا اور دفاعی تعاون کے نئے مواقع کھوجنا ہے۔ اڈمیرل لامبا 5 تا 10 نومبر کے اپنے دورے میں فرنچ ایربیس کا دورہ بھی کریں گے جہاں اُنھیں فرانسیسی ایرفورس کی جانب سے رافیل طیارہ کی کارکردگی اور عملی افادیت کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی ۔ گزشتہ سال ستمبر میں ہندوستان نے فرانسیسی حکومت سے 36 رافیل لڑاکا طیارے خریدنے کی 59 ہزار کروڑ روپئے کی معاملت پر دستخط کی تھی۔