سدی پیٹ گورنمنٹ میڈیکل کالج میں لکچررس کے تقررات کیلئے واک ان انٹرویو

24 اگست کو مقرر، کنٹراکٹ کی بنیاد پر تقررات کیلئے حکومت تلنگانہ کا اعلان
حیدرآباد ۔ 18 اگست (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے سدی پیٹ ضلع میں قائم کردہ گورنمنٹ میڈیکل کالج میں بعض لکچررس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کنٹراکٹ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی روشنی میں 23 مخلوعہ جائیدادوں پر فی الفور کنٹراکٹ کی اساس پر تقررات عمل میں لانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس طرح ان تقررات سے متعلق 24 اگست کو صبح 10 تا 2 بجے دن تک سدی پیٹ میڈیکل کالج کے احاطہ میں ’’واک ان انٹرویوز‘‘ منعقد ہوں گے۔ ڈائرکٹر سدی پیٹ گورنمنٹ میڈیکل کالج نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اگست کے اختتام یا ماہ ستمبر میں میڈیکل کالجس کا معائنہ کرنے کیلئے میڈیکل کونسل آف انڈیا کے ٹیموں کی آمد کا قوی امکان ہے جس کے نتیجہ میں بالخصوص گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں لکچررس وغیرہ کی جائیدادیں کافی مخلوعہ پائی جانے کی وجہ سے میڈیکل کونسل آف انڈیا کی ٹیموں کے معائنہ کرنے پر مسائل پیدا ہوسکتے ہیں جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ میں پائے جانے والے گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں جملہ 311 لکچررس کو کنٹراکٹ کی اساس پر تقررات عمل میں لانے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلہ کے ایک حصہ کے طور پر ہی سدی پیٹ گورنمنٹ میڈیکل کالج میں بھی تقررات عمل میں لائے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں ریمس عادل آباد، نظام آباد، محبوب نگر میں پائے جانے والے گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں کنٹراکٹ کی اساس پر لکچررس کے تقررات کئے جائیں گے۔