سدی پیٹ کو بہت جلد ضلع کا درجہ : چیف منسٹر

حیدرآباد ۔ 5۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بہت ہی جذباتی انداز میں کہا کہ خواہ مجھ کو ہیرے جواہرات پہنا کر خریدی بھی کریں تو مجھے میرے آبائی مقام ( آبائی گاؤں ) کا پیار و محبت و خوشی حاصل نہیں ہوگا ۔ آج سدی پیٹ میں منعقدہ ہریتا ہارم پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے سدی پیٹ سے اپنی انسیت و وابستگی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں سدی پیٹ کی نرسری میں اگا ہوا پودا ہوں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بہر صورت سدی پیٹ بہت جلد ضلع مستقر بنے گا اور اعلان کیا کہ سدی پیٹ کو ریلوے سے مربوط کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں اس موقع پر مسٹر چندر شیکھر راؤ نے کالیشورم پراجکٹ کے لیے بہت جلد سنگ بنیاد رکھنے کا اعلان بھی کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ساڑھے تین سال کے دوران ضلع میدک میں ہر گھر کو گوداوری آبی وسائل کے حصول کے ذریعہ گوداوری کے پینے کا پانی سربراہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس پروگرام میں چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر راؤ کے ہمراہ ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی تلنگانہ شریمتی پدما دیویندر ریڈی ، وزیر آبپاشی ٹی ہریش راو وزیر جنگلات و پسماندہ طبقات جوگورامنا و دیگر موجود تھے ۔۔