حیدرآباد 27فروری (یواین آئی )سدی پیٹ ٹاون تلنگانہ ریاست کا تشکیل شدہ پہلا ضلعی ہیڈ کوارٹرس ہوگا جس میں پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر ہوگا۔وزیرآبپاشی ہریش راو اور میدک کے رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر سدی پیٹ ٹاون میں 28فروری کو پوسٹ آفس پاسپورٹ سیواکیندرکا افتتاح کریں گے ۔یہ حیدرآباد،کریم نگر اورورنگل کے بعد تلنگانہ میں چوتھا پوسٹ آفس پاسپورٹ سیواکیندرہوگا ۔یہ پوسٹ آفس پاسپورٹ سیواکیندروزارت خارجہ و ٹیلی کمیونکیشنس کی جانب سے مشترکہ طور پر قائم کیاجارہا ہے ۔تلنگانہ کوریاست کادرجہ ملنے سے پہلے یہاں دو پوسٹ آفس پاسپورٹ سیواکیندرتھے ۔تلنگانہ حکومت کی خواہش پر مرکزی حکومت نے ورنگل،محبوب نگر ،سدی پیٹ اور تلنگانہ کے دوسرے مقاما ت پر پوسٹ آفس پاسپورٹ سیواکیندرقائم کرنے سے اتفاق کیا ۔ورنگل کے پوسٹ آفس پاسپورٹ سیواکیندرکا افتتاح گزشتہ سال ہوا تھا جبکہ محبوب نگر پوسٹ آفس پاسپورٹ سیواکیندرکا آغاز جلد ہی کیا جائے گا۔28فروری سے ہی سدی پیٹ کے پوسٹ آفس پاسپورٹ سیواکیندرمیں آن لائن پاسپورٹ کی عرضیاں قبول کی جائیں گی ۔ہر عرضی گزار کو1500روپئے ادا کرنے ہوں گے جبکہ معمر شہریوں کو 1350روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔قبل ازیں سدی پیٹ اور اس سے متصل علاقوں میں رہنے والے افراد کو پاسپورٹ کی عرضیوں یا پھر پاسپورٹ کی تجدید کے لئے کریم نگر،ورنگل یا حیدرآباد کا سفر کرنا پڑتا تھا۔