سدی پیٹ میں نوماڈ قبائل میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تقسیم

حیدرآباد 4 اگسٹ ( این ایس ایس ) وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ اور وزیر ہاوزنگ اے اندرا کرن ریڈی نے آج سدی پیٹ ضلع کے منڈا پلی منڈل میں خاص طور پر نوماڈ قبائل کیلئے تعمیر کئے گئے 20 ڈبل بیڈ روم مکانات استفادہ کنندگان کے حوالے کئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ نوماڈ قبائل کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے کیونکہ انہیں حکومت سے مفت میں ڈبل بیڈ روم مکانات حاصل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد غریبوں کو ہاوزنگ سہولت فراہم کرنا ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اگر ان مکانات کو فروخت کیا جائیگا تو سخت کارروائی کی جائیگی ۔ ان کو نہ خریدا جاسکتا ہے اور نہ کرایہ پر دیا جاسکتا ہے ۔ ان مکانات میں ان افراد کو قیام کرنا چاہئے جنہیں یہ الاٹ کئے گئے ہیں۔