حیدرآباد۔ یکم فروری (سیاست نیوز)ریاستی وزیرمسٹر ٹی ہریش راو نے کہا کہ انہیں پہلی بار اسلامی فن خطاطی کی نمائش دیکھنے کا موقع ملا ہے ان کی زندگی کا انتہائی پُر مسرت موقع ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ۔ مسٹر ہریش راو آج یہاں پر زیر سرپرستی ادارہ سیاست اور زیر اہتمام ملت اسلامیہ ویلفیر سوسائٹی سدی پیٹ بمقام مدینہ فنکشن ہال میں اسلامی فن خطاطی کی نمائش کا آخری دن منفرد و بے مثال قرآنی آیات کی خطاطی کے فن پاروں کا مشاہدہ کرنے کے بعد مخاطب تھے ۔ انہوں نے جناب زاہد علی خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جناب زاہد علی خان نے سدی پیٹ کی عوام کیلئے اس طرح کی بے مثال نمائش کا اہتمام کیا ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ تلنگانہ حکومت اقلیتوں خصوصا مسلم اقلیت کی تعلیمی و معاشی استحکام کیلئے اپنے وعدے کو پورا کرے گی ۔ انہو ںنے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں اردو اساتدہ کی مخلوعہ جائیدادوں کر پُر کیا جائے گا ۔ اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا جائے گا ۔ جناب فاروق حسین ایم ایل سی نے نمائش میں عوام خصوصا برقعہ پوش خواتین اور طالبات کی کثیر تعداد کو دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا کہ اس طرح کی نمائش کا مختلف مقامات پر اہتمام کرنے کا مشورہ دیا ۔ پہلے دن کی بنسبت آج عوام کی کثیر تعداد خطاطی نمائش کے مشاہدہ کیلئے اُمڈ آئی ۔ اس موقع پر مسٹر فاروق حسین اور ہریش راو نے ملت اسلامیہ سوسائٹی کی ستائش کی ۔ اس موقع پر عبدالقادر ،عبداللطیف ،عبدالصبور، لاڈلے صاحب ،غوث محی الدین ،محمد یوسف الدین ،سید مقصود نے مشاہدہ کرنے والوں کی رہنمائی کی ۔