سدھیشور کا پدم شری لینے سے انکار

نئی دہلی، 28 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) گیان یوگاشرم وجئے پور کے سنت سدھیشور سوامی نے مرکزی حکومت کی جانب سے دیاجانے والا ‘پدم شری’ ایوارڈ لینے سے انکار کردیا ہے ۔ سوامی سدھیشور نے وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے گئے خط میں کہا کہ وہ سنیاسی اور روحانی شخصیت ہیں اور انہیں کسی انعام کی خواہش نہیں ہے ۔اپنے خط میں انہوں نے لکھا”حکومت ہند کی طرف سے مجھے پدم شری ایوارڈ دیئے جانے کا میں انتہائی شکرگزار ہوں، لیکن میں پورے احترام کے ساتھ آپ کو اور حکومت کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میں اس ایوارڈ کو لینے کا خواہشمند نہیں ہوں۔میں ایک سنیاسی ہوں مجھے ایوارڈز میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ میں امید کرتا ہوں کہ آپ میرے اس فیصلے کو بخوشی قبول کریں گے ”۔اس سے پہلے سدھیشور نے راجیہ سبھا رکن باسوراج پاٹل سیدام کو کل لکھے خط میں کہا کہ روحانی شخصیت ہونے کے ناطے مجھے کسی اعزاز یا ایوارڈ میں دلچسپی نہیں ہے ۔ میں نے پہلے بھی کوئی ایوارڈ قبول نہیں کیا ہے ۔

کرناٹک یونیورسٹی نے کچھ سال پہلے مجھے اعزازی ڈگری پیش کی تھی جسے میں نے احترام کے ساتھ لوٹا دیا تھا۔