تحفظات کے مسئلہ پر حکومت کو عنقریب ایک اور رپورٹ
حیدرآباد۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حکومت نے مسلمانوں کی سماجی ، معاشی اور تعلیمی پسماندگی کا جائزہ لینے والے سدھیر کمیشن آف انکوائری کی میعاد میں مزید ایک سال کی توسیع کردی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے ۔ سدھیر کمیشن کی میعاد جو 31 جنوری 2018 ء کو ختم ہورہی ہے، اس میں توسیع کرتے ہوئے 31 جنوری 2019 ء تک اضافہ کیا گیا۔ جی او میں بتایا گیا ہے کہ کمیشن کے صدرنشین نے حکومت کو بتایا کہ پسماندہ طبقات کو تحفظات کے سلسلہ میں حالیہ تبدیلیوں کے پیش نظر کمیشن کی جانب سے پڑوسی ریاستوں سے تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ لہذا کمیشن کی میعاد میں توسیع کی درخواست کی گئی۔ حکومت نے اس تجویز کا جائزہ لیتے ہوئے میعاد میں ایک سال کی توسیع کو منظوری دی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار جی سدھیر کی قیادت میں چار رکنی کمیشن تشکیل دیا تھا ۔3 مارچ 2015 ء کو کمیشن کی تشکیل عمل میں آئی اور دو مرتبہ میعاد میں توسیع کی گئی۔ کمیشن کے ارکان میں پروفیسر عامر اللہ خان ، پروفیسر محمد عبدالشعبان اور محمد عبدالباری شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیشن نے ملک کی دیگر ریاستوں میں تحفظات کے مسئلہ پر تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے علحدہ رپورٹ تیار کی ہے۔ اس رپورٹ میں تحفظات پر عمل آوری کیلئے قانونی رکاوٹوں سے بچنے کیلئے حکومت کو صلاح دی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیشن نے رپورٹ تیار کرلی ہے اور کسی بھی وقت چیف منسٹر کو پیش کردی جائے گی۔