سدھیرکمیشن کی میعاد میں تین ماہ کی توسیع

حکومت کے فیصلہ کو چیف منسٹر کی جانب سے منظوری کی اطلاع
حیدرآباد ۔ 21۔ستمبر (سیاست نیوز) حکومت نے سدھیر کمیشن آف انکوائری کی میعاد میں تین ماہ کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں فائل کو چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے منظوری دیدی ہے اور کسی بھی وقت احکامات جاری کئے جاسکتے ہیں۔ سدھیر کمیشن کی میعاد جاریہ ماہ کے اختتام پر ختم ہورہی تھی، تاہم حکومت نے مسلم تحفظات کے مسئلہ پر کمیشن کے ماہرین کی رائے حاصل کرنے کیلئے میعاد میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیشن ٹاملناڈو کا دورہ کرے گا اور وہاں مسلمانوں کو فراہم کردہ تحفظات کے طریقہ کار کا جائزہ لے گا ۔ تلنگانہ حکومت ٹاملناڈو کی طرز پر مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔ سدھیر کمیشن ٹاملناڈو کے تحفظات کے بارے میں تلنگانہ حکومت کو رپورٹ پیش کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ کمیشن ریاست کے ان محکمہ جات سے مسلمانوں کی نمائندگی کے بارے میں رپورٹ طلب کرے گا جنہوں نے ابھی تک کمیشن کو تفصیلات روانہ نہیں کی ہے۔ سدھیر کمیشن نے گزشتہ ماہ حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کردی تھی

 

۔ اس کے باوجود چیف منسٹر نے کمیشن کو اپنا کام جاری رکھنے کا مشورہ دیا اور اب باقاعدہ اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ 3 مارچ 2015 ء کو سدھیر کمیشن تشکیل دیا گیا جس کا مقصد مسلمانوں کی تعلیمی ، معاشی اور سماجی پسماندگی کا جائزہ لینا تھا ۔ کمیشن کے صدرنشین ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار ٹی سدھیر کے علاوہ ارکان کی حیثیت سے پروفیسر عبدالشعبان ، پروفیسر عامر اللہ خاں اور ایم اے باری کو شامل کیا گیا ۔ کمیشن نے مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے عوامی سماعت کا اہتمام کیا ، اس کے علاوہ سرکاری محکمہ جات سے مسلمانوں کی نمائندگی پر رپورٹ طلب کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیشن خانگی شعبہ میں مسلمانوں کی نمائندگی جاننے کیلئے توجہ مرکوز کرچکا ہے ۔ حکومت نے کمیشن کی میعاد میں دو مرتبہ توسیع کی تھی اور اب رپورٹ کی پیشکشی کے باوجود مزید تین ماہ کی توسیع کا فیصلہ اہمیت کا حامل ہے۔ حکومت نے ریاست میں بی سی کمیشن کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے جس کے بارے میں قطعی فیصلہ 26 ستمبر کو کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ بی سی کمیشن کی تشکیل کے بعد مسلم تحفظات کے سلسلہ میں سدھیر کمیشن معاون ادارے کے طور پر کام کرسکتا ہے اور وہ بی سی کمیشن کی رہنمائی کرے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بی سی کمیشن کو مسلم تحفظات کا مسئلہ رجوع کرنے کے بعد ضرورت پڑنے پر سدھیر کمیشن کی میعاد میں مزید توسیع کی جاسکتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کمیشن کی رپورٹ کو اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے ۔