سدرشن ٹی وی کو اقلیتی کمیشن کا نوٹس

نئی دہلی ، 30مئی (سیاست ڈاٹ کام)دہلی اقلیتی کمیشن نے شمالی دہلی کے علاقہ بوانہ کے بارے میں اس رپورٹ کو نشر کرنے کے سلسلے میں سدرشن ٹیلی ویزن کو نوٹس جاری کیا ہے جس میں چینل نے 11 مئی کو ایک پروگرام نشر کرکے بوانہ کے باسیوں کو بنگلہ دیشی اور برمی روہنگیا بتایا تھا۔کمیشن کے مطابق یہ لوگ ہندوستانی شہری ہیں اور دہلی کے مختلف علاقوں سے لاکر باقاعدہ سرکاری طورپر سالہا سال قبل اس علاقے میں بسائے گئے ہیں۔کمیشن نے سدرشن ٹی وی کے منیجنگ ڈائرکٹر کو حکم دیا ہے کہ دستاویزی ثبوت کے ساتھ جواب دیں کہ بوانہ کے شہری بنگلادیشی اور روہنگیا ہیں۔ اگر چینل یہ نہیں کرسکتا ہے تو غیر مشروط طور سے معافی مانگے اور بتائے کہ متعلقہ رپورٹروں اور اسٹاف رائٹرز کے خلاف اس نے کیا ایکشن لیا جنہوں نے یہ جھوٹی خبر مشتہر کی ۔جس کی وجہ سے ہندوستانی شہریوں کے خلاف فرقہ وارانہ ماحول بنا اور فساد ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔