بنگلور 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )سدارمیا حکومت کی توجہ اس کی مالیاتی ذمہ داریوں کی جانب مبذول کراتے ہوئے اپوزیشن بی جے پی کے لیڈر جگدیش شیٹر نے آج حکومت پر تنقید کی کہ اس نے گذشتہ دو سال کے دوران کئی قرضے حاصل کئے ہیں جبکہ بی جے پی کی سابق حکومت کے مقابل سدرامیا حکومت کی مالیاتی کارکردگی پیچھے ہے ۔ بی جے پی لیڈر نے مزید کہا کہ سدرامیا ایک تجربہ کار وزیر فینانس بھی ہیں۔ انہو ںنے ریکارڈ بتاتے ہوئے 10 مرتبہ بجٹ پیش کیا ہے ۔ اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے حکومت کو اس کی مالیاتی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے تنقید کرنا جائز حق ہے ۔ عوام کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے قرضے جاری کئے جاتے ہیں ۔ اسمبلی میں ریاستی بجٹ پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے انہو ںنے کہا کہ بی جے پی کے دور میں پانچ سال کے دوران 45,120 کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا گیا تھا جبکہ سدرامیا حکومت نے صرف دو سال میں 42,329 کروڑ روپئے کا قرضہ حاصل کیا ہے ۔ حکومت کی مقبول عام اسکیمات کو پورا کرنے کیلئے حکومت نے عوامی قرضے جاری کئے ہیں اس کیلئے وہ خود قرض حاصل کررہی ہے ۔