حیدرآباد /20 اگست (سیاست نیوز) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے راجیو گاندھی کے یوم پیدائش پر ’’راجیو گاندھی سدبھاؤنا یاترا‘‘ کے انعقاد اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ستائش کی۔ واضح رہے کہ وی ہنمنت راؤ ہر سال راجیو گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر سدبھاؤنا یاترا کا اہتمام اور مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ انھوں نے مسز گاندھی کی جانب سے ستائشی مکتوب حاصل ہونے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس اور گاندھی خاندان کے کٹر حامی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی نے مختصر عرصہ میں ملک کی ترقی، غریب عوام کی فلاح و بہبود، نوجوانوں کو حق رائے دہی، مقامی اداروں میں خواتین کو ترقی جیسے جو کارنامے انجام دیئے ہیں، وہ ناقابل فراموش ہیں، جس کی جتنی ستائش کی جائے کم ہے۔ انھوں نے کہا کہ بحیثیت کانگریس کارکن وہ ایک طرف پارٹی کے استحکام کیلئے کام کر رہے ہیں اور دوسری طرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے معاملے میں آنجہانی راجیو گاندھی کے ادھورے خواب کی تکمیل کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہر سال اس پروگرام کا انعقاد عمل میں آتا ہے، جس میں کانگریس قائدین اور طلبہ حصہ لے کر پروگرام کو کامیاب بناتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سیکولر نظریات کی حامل اور عوام کے درمیان رہ کر کام کرنے والی واحد جماعت ہے۔
این ٹی آر سجالا اسکیم سے پینے کے پانی کی سہولت
دو روپئے کے حساب سے 20 لیٹر پانی کی فراہمی ، ضلع کلکٹر نیتو پرساد
راجمندری ۔ 20 ۔ اگست : ( پی ٹی آئی ) : پینے کے پانی کے لیے این ٹی آر سجالا اسکیم کے تحت زائد از چھ سو استفادہ کنندگان کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ کلکٹر ضلع مشرقی گوداوری نیتو پرساد نے آج یہاں منعقدہ ایک اجلاس میں یہ بات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع میں تقریبا چھ سو بارہ استفادہ کنندگان کو اسکیم کے تحت 20 لیٹر پانی دو روپئے کے حساب سے فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں تقریبا ایک ہزار گرام پنچایتوں کی پینے کے پانی کی قلت کی حیثیت سے نشاندہی کی گئی ۔ انہیں 2 اکٹوبر سے پینے کے پانی کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ اسکیم کے تحت آر او پلانٹس ضلع کے ہر منڈل میں خانگی کمپنیوں کی جانب سے قائم کئے جائیں گے اور ان کو سیلف ہیلپ گروپس کی جانب سے چلایا جائے گا ۔ اس اجلاس میں صدرنشین ضلع پریشد این رام بابو بھی شریک تھے ۔ اجلاس کے دوران ضلع کلکٹر نے بلاک سطح کے عہدیداروں کے تقرر کی ہدایت دی اور کسانوں کو قرض معافی کے متعلق شکایت کی سماعت کی ۔۔