انجیلا مرکل اور مودی کے اجلاس میں چیف منسٹر کرناٹک کو نظرانداز
نئی دہلی۔ 7 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرنے کے لئے چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا کو مدعو نہیں کیا۔ بنگلور میں منعقدہ یہ تجارتی اجلاس ناسکام نے منعقد کیا تھا۔ جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے اس جنوبی ہند کی ریاست کا دورہ کیا تھا۔ اجلاس میں وزیراعظم اور انجیلا مرکل شریک رہے مگر چیف منسٹر کرناٹک کو دعوت نہیں دی گئی۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے ٹوئٹر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی بہت وفاقی تعاون کی بات کرتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ آیا چیف منسٹر کرناٹک کو نظرانداز کردینا وفاقی تعاون کا ثبوت ہے۔ وزیراعظم جس وفاقیت کی بات کرتے ہیں، اس پر عمل نہیں کرتے۔ اگر یہ اجلاس گجرات میں منعقد ہوتا تو کیا چیف منسٹر گجرات کو اجلاس کیلئے دعو نہیں کیا جاتا؟ ڈگ وجئے سنگھ کرناٹک میں کانگریس پارٹی اُمور کے جنرل سیکریٹری انچارج ہیں۔ وزیراعظم مودی نے کل یہاں منعقدہ کانفرنس میں جرمنی کی چانسلر کے ساتھ شرکت کی تھی۔ اس ہند ۔ جرمنی 2015ء چوٹی کانفرنس کو بنگلور میں نیشنل اسوسی ایشن آف سافٹ ویر اینڈ سرویس کمپنیز نے منعقد کیا تھا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر چوٹی کانفرنس میں شریک سرکردہ ہندوستانی سی ای اوز کے ساتھ انجیلا مرکل کے لئے خصوصی ظہرانہ ترتیب دیا تھا۔ اس ظہرانہ میں ویپرو کے چیرمین عظیم پریم جی، ادتیہ برلا گروپ کے چیرمین کمار منگلم بھی شریک تھے۔