بنگلور 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کنڑ زبان کی اداکارہ کی وزیر ریلوے ڈی وی سدا نند گوڑا کے فرزند کے خلاف عصمت ریزی اور دھوکہ دہی کے الزامات پر مشتمل شکایت کے اندراج کے بعد پولیس نے آج کہا کہ کارتک گوڑا اور خاتون کو بیانات درج کرنے کیلئے طلب کیا گیا ہے ۔ سٹی پولیس کمشنر ایم این ریڈی نے کہا کہ ہم نے دونوں کو طلب کیا ہے ۔کنڑ اسٹار لیٹ اور مرکزی وزیر کے فرزند کارتک گوڑا کو کل شام مقدمہ کے سلسلہ میں بیانات درج کروانے طلب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دوسرے دن بھی اداکارہ کے بیانات درج کرنے میں مصروف رہے۔
اداکارہ کے اس بیان نے کرناٹک کی سیاست میں طوفان کھڑا کردیا ہے جبکہ مختصر وقت کیلئے ماڈل سے اداکارہ بننے والی خاتون نے کارتک کے خلاف ایک شکایت درج کروائی جنہیں قانون تعزیرات ہند کی دفعہ 376 (عصمت ریزی کی سزا) اور دفعہ 420 (دھوکہ دہی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ اداکارہ نے دعوی کیا کہ کارتک اور اس کی شادی گوڑا کی بنگلور والی رہائش گاہ میں گذشتہ جون میں سدا نند گوڑا کے فرزند صرف ڈرائیور کی موجودگی میں ہوئی تھی۔اپنی رہائش گاہ پر ذرائع ابلاغ کے سامنے روتے ہوئے خاتون نے الزام لگایا تھا کہ کارتک اور اس کا خاندان اس کے ساتھ نا انصافی کررہا ہے کیونکہ وہ دولت مند اور طاقتور ہیں۔ اس نے کہا کہ وہ (کارتیک اور خاندان) مجھ سے نا انصافی کررہے ہیں ان کے پاس پیشہ ہے اور موقف ہے لیکن میں چاہتی ہوں کہ صداقت باہر آجائے۔
میں چاہتی ہوں کہ وہ اس کے بارے میں جان لیں کوئی دوسری عورت ایسے حالات سے دوچار نہ ہونے پائیں اسی لئے میں آگے آئی ہوں۔خاتون نے کہا کہ پولیس نے گذشتہ شام اسے طلب کیا تھا اور بعض اہم دستاویزات بشمول پیدائش اور تعلیم کے سرٹیفکیٹ حاصل کئے تھے۔ انہوں (پولیس) نے مجھ سے عمر کا ثبوت، مارکس کارڈ اور تعلیم کے بارے میںمعلومات حاصل کیں۔اس مقدمہ میں اس کے خلوص پر اعتراض کرنے والی بعض اطلاعات پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے خاتون نے کہا کہ بعض برقی چینلس اس کے بارے میں غلط اطلاعات پھیلا رہے ہیں۔ اس نے کہا کہ میں آپ (ذرائع ابلاغ ) سے التجا کرتی ہوں میں نے کسی غلطی کا ارتکاب نہیں کیا ہے ۔ سچائی میرے ساتھ ہے۔ یہ جاننے کے بعد کہ یہ تمام واقعات پیش آئیں گے میرا خاندان کافی درد سہے گا ،میں آگے آئی ہوں تا کہ اس کا مقابلہ کرسکو ۔