کرناٹک میں ریاستی بی جے پی کی 75 روزہ یاترا ، صدر پارٹی امیت شاہ نے آغاز کیا
بنگلورو 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج کرناٹک کی سدارامیا زیرقیادت کانگریس حکومت پر شدید حملہ چھیڑتے ہوئے اُسے کرپشن کے معاملہ میں تمام ریکارڈس توڑ دینے کا مورد الزام ٹھہرایا۔ بی جے پی اسٹیٹ یونٹ کے زیراہتمام یہاں منعقدہ ریالی میں ’’نوا کرناٹکا نرمان پریورتن یاترا‘‘ کا آغاز کرتے ہوئے اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ ایک سروے سے معلوم ہوا ہے کہ ریاستی حکومت ملک میں سب سے زیادہ بدعنوان ہے۔ امیت شاہ نے ریاستی بی جے پی سربراہ بی ایس یدی یورپا جو اِس یاترا کی قیادت کررہے ہیں، اُنھیں امکانی چیف منسٹر قرار دیا اور دعویٰ کیاکہ یہ یاترا سدارامیا حکومت کی معزولی کا موجب بنے گی۔ امیت شاہ نے الزام لگایا کہ اِس ریاست کو مرکزی حکومت کے جاری کردہ فنڈس عوام تک نہیں پہونچ رہے ہیں جن کے فائدے کے مقصد سے اجرائی عمل میں لائی گئی۔ بی جے پی سربراہ نے ریاستی حکومت کو اِس بات کے لئے بھی ہدف تنقید بنایا کہ 18 ویں صدی کے حکمران میسور ٹیپو سلطان کے یوم پیدائش کو 10 نومبر کو ’’ٹیپو جینتی‘‘ کے طور پر منارہی ہے اور دعویٰ کیاکہ یہ ووٹ بینک سیاست کے سوا کچھ نہیں۔ 75 روزہ یاترا جو تماکرو روڈ کے پاس بنگلورو انٹرنیشنل ایگزیبیشن سنٹر کے میدان سے شروع کی گئی، اُس کا مقصد کانگریس حکومت کی مبینہ غلط کاریوں کو بے نقاب کرنا ہے۔ یہ یاترا ریاست کے تمام 224 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کرے گی۔ اِس یاترا میں مختلف مقامات پر کئی قومی قائدین کی شرکت متوقع ہے جن میں وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ، وزیر فینانس ارون جیٹلی اور چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ شامل ہیں۔