نئی دہلی۔ 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یوم جمہوریہ کے موقع پر امکانی دہشت گرد حملے سے متعلق انٹلیجنس اطلاعات کے پیش نظر ملک بھر میں غیرمعمولی سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے اور یوم جمہوریہ پرامن گذر گیا، تاہم جنوبی کشمیر میں انکاؤنٹر اور پٹھان کوٹ ریلوے اسٹیشن پر لاوارث بیاگ کی دستیابی جیسے چند واقعات پیش آئے۔ قومی دارالحکومت میں زمین سے لے کر فضاء تک سکیورٹی حصار باندھ دیا گیا تھا جہاں ہزاروں کی تعداد میں مسلح عملہ انتہائی سخت چوکسی اختیار کئے ہوئے تھا۔ وسطی دہلی کے علاقہ کو عملاً فصیل بند قلعہ میں تبدیل کردیا گیا کیونکہ انٹلیجنس اطلاعات کے مطابق دہشت گرد گروپس شہر میں اہم تنصیبات کو نشانہ بناسکتے ہیں۔ پٹھان کوٹ فضائی اڈہ پر دہشت گرد حملے کے بعد سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی۔ یوم جمہوریہ تقاریب سے قبل سنٹرل سکیورٹی ایجنسیوں این آئی اے نے 14 دہشت گردوں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے منصوبہ کو ناکام بنادیا۔ ان کا تعلق آئی ایس سے بتایا گیا اور وہ اہم تنصیبات پر حملے کی منصوبہ کررہے تھے۔ دہلی میں اہم مقامات پر کمانڈوز تعینات کئے گئے تھے۔