ممبئی ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ میں مسٹر پرفیکٹنسٹ کے نام سے مشہور عامر خان سماجی مسائل پر مبنی ریالیٹی شو ستے مے وجیتے کا دوسرا سیزن 2 دو مارچ سے لیکر آرہے ہیں۔ سماجی مسائل پر مبنی ستے مے وجیتے کا یہ دوسرا سیزن اسٹار پلس پر دو مارچ سے شروع ہونے والا ہے۔ یہ شو صبح 11 بجے سے نشر کیا جائے گا۔ اس شو کا پرومو ان دنوں ٹی وی پر دکھایا جارہا ہے۔ پرومو کے دوران عامرخان کسی سے پوچھتے ہیں کہ یہ شو کب سے شروع ہورہا ہے تو کہا جارہا ہیکہ دو مارچ سے اس سیزن میں بھی خواتین پر ہونے والے تشدد، اسقاط حمل جیسے سنگین ترین موضوعات پر مبنی سچی کہانیاں دکھائی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق ستے مے وجیتے میں اس بار 13 ایپی سوڈ ہوں گے جنہیں 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے حصہ میں 4 ایپی سوڈ ہوں گے جسے 4 اتوار کو نشر کیا جائے گا۔ اس بار بھی شو کے میزبان عامر خان ہی ہوں گے۔ واضح رہے کہ ستے مے وجیتے کے ذریعہ عامر خان نے نہ صرف قومی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی پہچان بنائی تھی۔