سری نگر23اگست (سیاست ڈاٹ کام بہار کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے جمعرات کو یہاں راج بھون میں جموں وکشمیر کے 13 ویں گورنر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی خاتون چیف جسٹس گیتا متل نے مسٹر ستیہ پال کو حلف دلایا۔ مسٹر ستیہ پال نے انگریزی زبان میں حلف لیا۔راج بھون کے خوبصورت لانز میں منعقد ہوئی تقریب حلف برداری میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ سول، پولیس اور فوج کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر راج بھون کے اندر و باہر اور اس کی طرف جانے والی سڑکوں پر سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے تھے ۔ بتادیں کہ صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے گذشتہ روز بہار کے گورنر مسٹر ستیہ پال کو جموں وکشمیر کا گورنر مقرر کرنے کا باضابطہ حکم نامہ جاری کیا۔ اس طرح سے 71سالہ ستیہ پال نے 82سالہ نریندر ناتھ ووہرا کی جگہ لی ہے ۔خیال رہے کہ جموں وکشمیر کے گورنر نریندر ناتھ ووہرا کی مدت کار رواں برس جون میں ہی ختم ہوگئی تھی۔ ریاست میں محبوبہ مفتی کی قیادت والی پی ڈی پی۔ بی جے پی اتحادی حکومت سے بی جے پی کے ناطہ توڑلینے کے بعد سے یہاں 20 جون سے گورنر راج نافذ ہے ۔ مسٹر ووہرا کی مدت کار کے تعلق سے مسلسل قیاس آرائی کی جارہی تھی ۔ 82 سالہ مسٹر ووہرا نے عمر درازی کی وجہ سے پہلے ہی عہدہ چھوڑنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ ووہرا نہ سنہ 2008 میں ریاست کے گورنر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ 5 مئی 1936 کو جنمے مسٹر ووہرا 1959 کے پنجاب کیڈر کے سابق آئی پی ایس افسر ہیں۔ مسٹر ووہرا جموں وکشمیر کے بارہویں جبکہ جگ موہن کے بعد ریاست کے پہلے سویلین گورنر تھے ۔