ستیہ ناڈیلہ کا آئندہ ماہ دورۂ حیدرآباد

حیدرآباد۔ 29 نومبر (سیاست نیوز) عالمی شہرت یافتہ مائیکرو سافٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) ستیہ ناڈیلہ کا آئندہ ماہ پھر ایک بار دورۂ حیدرآباد متوقع ہے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے کہا کہ ستیہ ناڈیلہ کے دورۂ حیدرآباد کے پروگرام کی تاریخ سے متعلق ابھی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم وہ آئندہ ماہ کسی بھی تاریخ میں حیدرآباد کا دورہ کریں گے۔ ستیہ ناڈیلہ اپنے دورہ کے موقع پر چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو سے بھی ملاقات کریں گے۔ علاوہ ازیں اپنے قیام حیدرآباد کے دوران وہ حیدرآباد میں واقع مائیکرو سافٹ انڈیا ڈیولپمنٹ سنٹر کا بھی دورہ کریں گے۔ مائیکرو سافٹ کمپنی کے سی ای او کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا یہ دوسری مرتبہ دورۂ حیدرآباد ہے۔ گزشتہ سال ماہ ستمبر میں حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے ستیہ ناڈیلہ کے چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ سے ملاقات کی جبکہ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات نہیں کرسکے تھے اور صرف فون پر ہی بات ہوسکی تھی۔