ممبئی ۔ 11 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) فلم اداکار عامر خان اور ان کے ٹی وی شو کے تعلق سے بعض سوشل نیٹ ورکنگ سائیٹس پر ہتک آمیز اور غلط اطلاعات پھیلانے پر نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ عامر خان پروڈکشنس پرائیویٹ لمٹیڈ کے اگزیکیٹیو پروڈیوسر سرینواس راما راؤ نے باندرہ ۔ کرلا کامپلکس سائبر پولیس اسٹیشن میں یہ شکایت درج کرائی۔ ہفتہ کو عامر خان نے ممبئی پولیس سے رجوع ہوکر کہا تھا کہ سوشل نیٹ ورکنگ سائیٹس پر ان کے خلاف مذموم مہم چلائی جا رہی ہے اور ان کا امیج متاثر کیا جارہا ہے۔
عامر خان نے ممبئی پولیس ہیڈکوارٹر میں جوائنٹ پولیس کمشنر (کرائم) سدانند داتے کو بتایا کہ ان سائیٹس پر انتہائی غلط اور جھوٹے پیامات پھیلائے جارہے ہیں ۔ اس میں یہ کہا گیا تھا کہ عامر خان کا ٹیلی ویژن پروگرام ستیہ میو جئیتے سیزن 2 ایک ایسی تنظیم سے تعلق رکھتا ہے جو مساجد کی تعمیر میں معاونت کرتی ہے اور مسلم نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں مدد کرتی ہے۔ عامر خان نے کہا کہ ان کا ٹی وی شو مغربی بنگال میں ہنس پکر میں واقع ہیومانیٹی ٹرسٹ سے ملحق ہے، جو ایک چیرٹیبل ہاسپٹل چلاتا ہے۔ اس ٹرسٹ کے ذمہ دار مستری یاند اور ان کی ماں سبھاشنی مستری یاند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستیہ میو جئیتے میں طلب کئے جانے والے عطیے پوری طرح مستحق اور سیکولر کاز کیلئے استعمال کئے جاتے ہیں۔