اسٹاک ہوم ۔ 9 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بچوں کے حقوق کے ہندوستانی کارکن کیلاش ستیارتھی اور پاکستان کی ملالہ یوسف زئی کو دیگر 11 افراد کے ساتھ جاریہ سال کے نوبل انعامات کل دیئے جائیں گے ۔ نوبل انعام یافتگان سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں مرکزی حیثیت کے حامل ہوں گے ۔ ناروے کے دارالحکومت اوسلو کو بھی نمایاں اہمیت حاصل ہوگی جہاں نوبل تمغے ، نوبل ڈپلومے اور نوبل انعام کی رقم کی توثیق کرنے والی دستاویزات عطا کی جائیں گی۔ 60 سالہ ستیارتھی اور 17 سالہ ملالہ یوسف زئی 11 لاکھ امریکی ڈالر مالیتی امن انعام میں شراکت دار ہوں گے جو اوسلو میں دیا جا ئے گا جبکہ دیگر انعامات اسٹاک ہوم میں دیئے جائیں گے۔ خوشی سے سرشار ستیارتھی نے کہا کہ وہ اس ایوارڈ کو ہندوستانی بچوں کے نام معنون کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستانی عوام کا ایوارڈ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مزید بہت کچھ کرے گی اور عدلیہ کی ستائش کی جس نے بچوں کے حقوق کا مسئلہ تیز رفتار بنیادوں پر پیش نظر رکھا ہے ۔ سپریم کورٹ آف انڈیا نے حال ہی میں ایک خصوصی بنچ قائم کی ہے۔