ستلوک آشرم میں ایس آئی ٹی کی تلاش جاری

حصار (ہریانہ) ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے آج بروالا ٹاؤن میں ستلوک آشرم کے احاطوں میں اپنی تلاش جاری رکھی اور مزید کئی اشیاء برآمد کئے جن میں جلا ہوا جے سی بی مشین اور بڑی مقدار میں ایسی اشیاء شامل ہیں، جو پٹرول بم بنانے میں استعمال کئے گئے۔ ایک پولیس ترجمان نے یہاں بتایا کہ تلاش کے دوران ایس آئی ٹی والوں نے 250 لاٹھیاں، 15 ہیلمٹ، 38 بلاک شرٹس، 45 بلیک ٹراوژرس، 5 پٹرول بم اور ان کی تیاری میں مستعملہ اشیاء برآمد کئے۔ دریں اثناء پولیس نے آج ستلوک آشرم کے سربراہ رام پال کے پانچ بھکتوں کو گرفتار کرلیا، جو سیول ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں اور انہیں ایک مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ان پانچوں کو 14 یوم کیلئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ قبل ازیں 19 نومبر کو تلاش کے دوران ایس آئی ٹی نے اسلحہ، گولا بارود، بلٹ پروف جاکٹس اور نقدی بھی برآمد کئے تھے۔